احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

12: بَابُ: تَزْوِيجِ الزَّانِيَةِ
باب: زانی اور بدکار عورت سے شادی کا بیان۔
سنن نسائي حدیث نمبر: 3230
اخبرنا إبراهيم بن محمد التيمي، قال: حدثنا يحيى هو ابن سعيد، عن عبيد الله بن الاخنس، عن عمرو بن شعيب، عن ابيه، عن جده، ان مرثد بن ابي مرثد الغنوي، وكان رجلا شديدا، وكان يحمل الاسارى من مكة إلى المدينة، قال: فدعوت رجلا لاحمله وكان بمكة بغي، يقال لها عناق وكانت صديقته، خرجت، فرات سوادي في ظل الحائط، فقالت: من هذا مرثد مرحبا واهلا يا مرثد انطلق الليلة، فبت عندنا في الرحل، قلت: يا عناق , إن رسول الله صلى الله عليه وسلم حرم الزنا", قالت: يا اهل الخيام هذا الدلدل هذا الذي يحمل اسراءكم من مكة إلى المدينة، فسلكت الخندمة، فطلبني ثمانية، فجاءوا حتى قاموا على راسي، فبالوا، فطار بولهم علي واعماهم الله عني، فجئت إلى صاحبي، فحملته، فلما انتهيت به إلى الاراك فككت عنه كبله فجئت إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقلت يا رسول الله: انكح عناق فسكت عني، فنزلت: والزانية لا ينكحها إلا زان او مشرك سورة النور آية 3، فدعاني فقراها علي وقال:"لا تنكحها".
عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ مرثد بن ابی مرثد غنوی رضی اللہ عنہ ایک سخت اور زور آور آدمی تھے، قیدیوں کو مکہ سے مدینہ منتقل کیا کرتے تھے۔ وہ کہتے ہیں: میں نے ایک شخص کو بلایا کہ اسے سواری پر ساتھ لیتا جاؤں، مکہ میں عناق نامی ایک بدکار عورت تھی جو ان کی آشنا تھی، وہ (گھر سے باہر) نکلی، دیوار کی پرچھائیوں میں میرے وجود کو (یعنی مجھے) دیکھا، بولی کون ہے؟ مرثد! خوش آمدید اپنوں میں آ گئے، مرثد! آج رات چلو ہمارے ڈیرے پر ہمارے پاس رات کو سوؤ، میں نے کہا: عناق! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زنا کو حرام قرار دے دیا ہے، اس نے کہا: خیمہ والو! یہ دلدل ہے ۱؎ یہ وہ (پرندہ) ہے جو تمہارے قیدیوں کو مکہ سے مدینہ اٹھا لے جائے گا (یہ سن کر) میں خندمہ (پہاڑ) کی طرف بڑھا (مجھے پکڑنے کے لیے) میری طلب و تلاش میں آٹھ آدمی نکلے اور میرے سر پر آ کھڑے ہوئے، انہوں نے وہاں پیشاب کیا جس کے چھینٹے مجھ پر پڑے (اتنے قریب ہونے کے باوجود وہ مجھے دیکھ نہ سکے کیونکہ) میرے حق میں اللہ نے انہیں اندھا بنا دیا۔ میں (وہاں سے بچ کر) اپنے (قیدی) ساتھی کے پاس آیا اور اسے سواری پر چڑھا کر چل پڑا۔ پھر جب میں اراک پہنچا تو میں نے اس کی بیڑی کھول دی، پھر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوا اور آپ سے کہا: اللہ کے رسول! میں عناق سے شادی کر لوں؟ تو آپ خاموش رہے پھر آیت: «الزانية لا ينكحها إلا زان أو مشرك» زنا کار عورت بھی بجز زانی یا مشرک مرد کے اور نکاح نہیں کرتی۔ (النور: ۳) نازل ہوئی، پھر (اس کے نزول کے بعد) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بلایا، مذکورہ آیت پڑھی پھر فرمایا: اس سے شادی نہ کرو ۲؎۔

تخریج دارالدعوہ: سنن ابی داود/النکاح5 (2051) مختصراً، سنن الترمذی/تفسیرسورة النور (3177)، (تحفة الأشراف: 8753) (حسن الإسناد)

وضاحت: ۱؎: دلدل سے تشبیہ اس لیے دی گئی کیونکہ یہ اکثر رات میں ظاہر ہوتا ہے، اور حتیٰ المقدور سر اپنے جسم میں چھپائے رکھتا ہے۔ ۲؎: زانی عورت سے نکاح اس وقت درست ہے جب وہ عمل زنا سے تائب ہو چکی ہو اور عدت بھی پوری ہو چکی ہو اور اگر وہ زنا سے حاملہ ہو چکی ہے تو اس کی مدت عدت وضع حمل ہے۔

قال الشيخ الألباني: حسن الإسناد

Share this: