احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

22: باب فِي تَعْجِيلِ الزَّكَاةِ
باب: وقت سے پہلے زکاۃ نکال دینے کا بیان۔
سنن ابي داود حدیث نمبر: 1623
حدثنا الحسن بن الصباح، حدثنا شبابة، عن ورقاء، عن ابي الزناد، عن الاعرج، عن ابي هريرة، قال: بعث النبي صلى الله عليه وسلم عمر بن الخطاب على الصدقة، فمنع ابن جميل و خالد بن الوليد و العباس، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم:"ما ينقم ابن جميل إلا ان كان فقيرا فاغناه الله، واما خالد بن الوليد فإنكم تظلمون خالدا فقد احتبس ادراعه واعتده في سبيل الله، واما العباس عم رسول الله صلى الله عليه وسلم فهي علي ومثلها"، ثم قال:"اما شعرت ان عم الرجل صنو الاب او صنو ابيه".
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو زکاۃ وصول کرنے کے لیے بھیجا تو ابن جمیل، خالد بن ولید اور عباس رضی اللہ عنہم نے (زکاۃ دینے سے) انکار کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ابن جمیل اس لیے نہیں دیتا ہے کہ وہ فقیر تھا اللہ نے اس کو غنی کر دیا، رہے خالد بن ولید تو خالد پر تم لوگ ظلم کر رہے ہو، انہوں نے اپنی زرہیں اور سامان جنگ اللہ کی راہ میں دے رکھے ہیں ۱؎، اور رہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا عباس تو ان کی زکاۃ میرے ذمہ ہے اور اسی قدر اور ہے ۲؎، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں نہیں معلوم کہ چچا والد کے برابر ہے۔ راوی کو شک ہے «صنو الأب» کہا، یا «صنو أبيه» کہا۔

تخریج دارالدعوہ: صحیح مسلم/الزکاة 3 (983)، (تحفة الأشراف:13922)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/الزکاة 49 (1468)، سنن النسائی/الزکاة 15 (2463)، مسند احمد (2/322) (صحیح)

وضاحت: ۱؎: یعنی انہوں نے اپنی زرہیں اور اپنے سامان اللہ کی راہ میں جہاد کے لئے وقف کر رکھا ہے، پھر ان کی زکاۃ کیسی، اسے تو انہوں نے اللہ ہی کی راہ میں دے رکھا ہے، یا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے بن مانگے اپنی خوشی سے یہ چیزیں اللہ کی راہ میں دیدیں ہیں، تو وہ بھلا زکاۃ کیوں نہیں دیں گے، تمہیں لوگوں نے ان کے ساتھ کوئی زیادتی کی ہو گی۔
۲؎: باب سے مطابقت اسی لفظ سے ہے یعنی: اس سال کی زکاۃ اور اسی کے مثل آئندہ کی زکاۃ بھی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح م خ دون قوله أما شعرت

Share this: