احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

15: باب مَا جَاءَ فِي كَرَاهِيَةِ أَنْ تُسَافِرَ الْمَرْأَةُ وَحْدَهَا بِغَيْرِ مَحْرَمٍ
باب: عورت کے تنہا سفر کرنے کی حرمت کا بیان۔
سنن ترمذي حدیث نمبر: 1169
حدثنا احمد بن منيع، حدثنا ابو معاوية، عن الاعمش، عن ابي صالح، عن ابي سعيد الخدري، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " لا يحل لامراة تؤمن بالله واليوم الآخر، ان تسافر سفرا يكون ثلاثة ايام فصاعدا إلا ومعها ابوها، او اخوها، او زوجها، او ابنها، او ذو محرم منها ". وفي الباب: عن ابي هريرة، وابن عباس، وابن عمر. قال ابو عيسى: هذا حديث حسن صحيح، وروي عن النبي صلى الله عليه وسلم انه قال: " لا تسافر المراة مسيرة يوم وليلة إلا مع ذي محرم "، والعمل على هذا عند اهل العلم، يكرهون للمراة ان تسافر إلا مع ذي محرم واختلف اهل العلم في المراة، إذا كانت موسرة، ولم يكن لها محرم هل تحج ؟، فقال: بعض اهل العلم لا يجب عليها الحج، لان المحرم من السبيل لقول الله عز وجل: من استطاع إليه سبيلا سورة آل عمران آية 97، فقالوا: إذا لم يكن لها محرم، فلا تستطيع إليه سبيلا، وهو قول: سفيان الثوري، واهل الكوفة، وقال بعض اهل العلم: إذا كان الطريق آمنا فإنها تخرج مع الناس في الحج، وهو قول: مالك، والشافعي.
ابو سعید خدری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی عورت کے لیے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتی ہو، حلال نہیں کہ وہ تین دن ۱؎ یا اس سے زائد کا سفر کرے اور اس کے ساتھ اس کا باپ یا اس کا بھائی یا اس کا شوہر یا اس کا بیٹا یا اس کا کوئی محرم نہ ہو ۲؎۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے،
۲- اس باب میں ابوہریرہ، ابن عباس اور ابن عمر رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں،
۳- نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی مروی ہے کہ آپ نے فرمایا: عورت ایک دن اور ایک رات کی مسافت کا سفر کسی محرم کے بغیر نہ کرے۔ اہل علم کا اسی پر عمل ہے، وہ عورت کے لیے درست نہیں سمجھتے کہ محرم کے بغیر سفر کرے۔ اہل علم کا اس عورت کے بارے میں اختلاف ہے کہ جو حج کی استطاعت رکھتی ہو لیکن اس کا کوئی محرم نہ ہو تو وہ حج کرے یا نہیں؟ بعض اہل علم کہتے ہیں: اس پر حج نہیں ہے، اس لیے کہ محرم بھی اللہ تعالیٰ کے ارشاد «من استطاع إليه سبيلا» میں استطاعت سبیل میں داخل ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جب اس کا کوئی محرم نہ ہو تو وہ استطاعت سبیل نہیں رکھتی۔ یہ سفیان ثوری اور اہل کوفہ کا قول ہے۔ اور بعض اہل علم کہتے ہیں کہ جب راستہ مامون ہو، تو وہ لوگوں کے ساتھ حج میں جا سکتی ہے۔ یہی مالک اور شافعی کا بھی قول ہے۔

تخریج دارالدعوہ: صحیح مسلم/الحج 74 (1340)، سنن ابی داود/ المناسک 2 (1726)، سنن ابن ماجہ/المناسک 2 (1723)، مسند احمد (2/340، 493) (تحفة الأشراف: 14316)، سنن الدارمی/الاستئذان 46 (2720) (صحیح) وأخرجہ: صحیح البخاری/فضل الصلاة في مسجد مکة والمدینة 6 (1197)، وجزاء الصید 26 (1864)، والصوم 67 (1995)، من غیر ہذا الوجہ وبلفظ ’’ سفر یومین ‘‘

وضاحت: ۱؎: اس میں تین دن کا ذکر ہے، بعض روایتوں میں دو اور بعض میں ایک دن کا ذکر ہے، اس لیے علماء نے لکھا ہے کہ ایک یا دو یا تین دن کا اعتبار نہیں اصل اعتبار سفر کا ہے کہ اتنی مسافت ہو جس کو سفر کہا جا سکے اس میں تنہا عورت کے لیے سفر کرنا جائز نہیں۔
۲؎: محرم سے مراد شوہر کے علاوہ عورت کے وہ قریبی رشتہ دار ہیں جن سے اس کا کبھی نکاح نہیں ہو سکتا، جیسے باپ، بیٹا، بھائی، بھتیجا اور بھانجا اور اسی طرح رضاعی باپ، بیٹا، بھائی، بھتیجا اور بھانجا ہیں، داماد بھی انہیں میں ہے، ان میں سے کسی کے ساتھ بھی اس کا سفر کرنا جائز ہے، ان کے علاوہ کسی کے ساتھ سفر پر نہیں جا سکتی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (2898)

Share this: