احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

3: بَابُ: ذِكْرِ أَىِّ مَسْجِدٍ وُضِعَ أَوَّلاً
باب: سب سے پہلے کون سی مسجد بنائی گئی؟
سنن نسائي حدیث نمبر: 691
اخبرنا علي بن حجر، قال: حدثنا علي بن مسهر، عن الاعمش، عن إبراهيم، قال: كنت اقرا على ابي القرآن في السكة، فإذا قرات السجدة سجد، فقلت: يا ابت، اتسجد في الطريق ؟ فقال: إني سمعت ابا ذر، يقول: سالت رسول الله صلى الله عليه وسلم اي مسجد وضع اولا ؟ قال:"المسجد الحرام"، قلت: ثم اي ؟ قال:"المسجد الاقصى"، قلت: وكم بينهما ؟ قال:"اربعون عاما، والارض لك مسجد فحيثما ادركت الصلاة فصل". +
ابراہیم تیمی کہتے ہیں کہ گلی میں راستہ چلتے ہوئے میں اپنے والد (یزید بن شریک) کو قرآن سنا رہا تھا، جب میں نے آیت سجدہ پڑھی تو انہوں نے سجدہ کیا، میں نے کہا: ابا محترم! کیا آپ راستے میں سجدہ کرتے ہیں؟ کہا: میں نے ابوذر رضی اللہ عنہ سے سنا کہ وہ کہہ رہے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ سب سے پہلے کون سی مسجد بنائی گئی؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسجد الحرام، میں نے عرض کیا: پھر کون سی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسجد الاقصیٰ ۱؎ میں نے پوچھا: ان دونوں کے درمیان کتنا فاصلہ ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: چالیس سال کا، اور پوری روئے زمین تمہارے لیے سجدہ گاہ ہے، تو تم جہاں کہیں نماز کا وقت پا جاؤ نماز پڑھ لو۔

تخریج دارالدعوہ: صحیح البخاری/أحادیث الأنبیاء 10 (3366)، 40 (3425)، صحیح مسلم/المساجد 1 (520)، سنن ابن ماجہ/المساجد 7 (753)، (تحفة الأشراف: 11994)، مسند احمد 5/150، 156، 157، 160، 166، 167 (صحیح)

وضاحت: ۱؎: یہاں ابراہیم علیہ السلام اور سلیمان علیہ السلام کا مسجد بنانا مراد نہیں ہے کیونکہ ان دونوں کے درمیان ایک ہزار سال سے زیادہ کا فاصلہ ہے، بلکہ مراد آدم علیہ السلام کا بنانا ہے، ابن ہشام کی کتاب التیبحان میں ہے کہ آدم علیہ السلام جب کعبہ بنا چکے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں بیت المقدس جانے اور ہاں ایک مسجد بنانے کا حکم دیا، چنانچہ وہ گئے اور جا کر وہاں بھی انہوں نے ایک مسجد بنائی، (کذا فی زہرالربی)، حافظ ابن کثیر (البدایہ والنھایہ ۱؍۱۶۲) میں لکھتے ہیں کہ اہل کتاب کا کہنا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کی تعمیر پہلے یعقوب علیہ السلام نے کی ہے، اگر یہ قول صحیح ہے تو ابراہیم اور ان کے بیٹے اسماعیل علیہما السلام کے خانہ کعبہ کی تعمیر اور یعقوب علیہ السلام کے مسجد الاقصیٰ کی تعمیر میں چالیس سال کا فاصلہ ہو سکتا ہے۔ تاریخ انسانی میں ایسا دوسری بار ہوا تھا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

Share this: