احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

165: . بَابُ: مَا جَاءَ فِي خُرُوجِ النِّسَاءِ فِي الْعِيدَيْنِ
باب: عیدین میں عورتوں کے عیدگاہ جانے کا بیان۔
سنن ابن ماجه حدیث نمبر: 1307
حدثنا ابو بكر بن ابي شيبة ، حدثنا ابو اسامة ، عن هشام بن حسان ، عن حفصة بنت سيرين ، عن ام عطية ، قالت:"امرنا رسول الله صلى الله عليه وسلم ان نخرجهن في يوم الفطر، والنحر"، قال: قالت ام عطية: فقلنا: ارايت إحداهن لا يكون لها جلباب ؟، قال:"فلتلبسها اختها من جلبابها".
ام عطیہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا کہ ہم عورتوں کو عیدین میں لے جائیں، ام عطیہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہم نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ بتائیے اگر کسی عورت کے پاس چادر نہ ہو تو (کیا کرے؟) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کی ساتھ والی اسے اپنی چادر اڑھا دے۔

تخریج دارالدعوہ: صحیح مسلم/العیدین 1 (890)، سنن الترمذی/الصلاة 271 (539)، سنن النسائی/الحیض الاستحاضہ 22 (390)، العیدین 2 (1559)، 3 (1560)، (تحفة الأشراف: 18136)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/الحیض 23 (324)، الصلاة 2 (351)، العیدین 15 (974)، 20 (980)، 21 (981)، الحج 81 (1652)، سنن ابی داود/الصلاة 247 (1136)، مسند احمد (5/84، 85)، سنن الدارمی/الصلاة 223 (1650) (صحیح)

وضاحت: ۱؎: مطلب یہ ہے کہ غریب و مسکین عورت بھی عیدگاہ کے لیے نکلے، اگر کپڑے نہ ہوں تو اپنی سہیلی یا رشتے دار عورت سے مانگ لے، اس حدیث سے عورتوں کے عیدین میں عیدگاہ جانے کی بڑی تاکید ثابت ہوتی ہے، بعض نے کہا کہ یہ حکم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں تھا اور اب جب کہ فسق و فجور پھیل گیا ہے تو عورتوں کا باہر نکلنا مناسب نہیں، اور ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عورتوں کے وہ کام دیکھتے جو انہوں نے نکالے ہیں تو یقینا ان کو مسجد میں جانے سے منع کرتے جیسے بنی اسرائیل کی عورتیں منع کی گئیں، اور اس اثر سے خود ان لوگوں کے قول کے خلاف ثابت ہوتا ہے یعنی یہ کہ عورتوں کو باہر نکلنا منع نہیں ہوا۔ برصغیر میں علماء کا ایک طبقہ عورتوں کے عیدگاہ اور مساجد جانے کی بوجوہ چند بڑی مخالفت کرتا ہے، جبکہ نصوص شرعیہ سے عورتوں کا ان جگہوں پر جانا ثابت ہے، اور یہ ان کا حق ہے جو اسلام نے انہیں دیا ہے، بالخصوص اگر ان مساجد اور دینی مراکز کے ذریعہ سے وعظ و تبلیغ اور دینی تعلیم کی ضرورت بھی پوری ہوتی ہو تو اس سلسلہ میں عورتوں کو نہ صرف یہ کہ جانے کی اجازت دینی چاہیے بلکہ اس کا اہتمام بھی کرنا چاہئے، ظاہر بات ہے کہ اسلام نے جو آداب اس سلسلہ میں بتائے ہیں اس کا لحاظ کئے بغیر عورتوں کا باہر نکلنا صحیح اور مناسب نہ ہو گا، لیکن مشاہدہ یہ ہے کہ ہر طرح کے تجارتی اور تفریحی مقامات پر عورتیں بے پردہ اور بے لگام گھوم رہی ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی حرج اور انکار کا جذبہ لوگوں میں باقی نہیں رہا، لیکن فقہی فروع کی پابندی اس انداز سے کرائی جاتی ہے کہ شریعت سے ثابت مسائل میں بھی لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے، لہذا ہمیں شرعی ضابطہ میں رہ کر عورتوں کو ان دینی مقامات میں جانے کی ترغیب دینی چاہئے کیونکہ یہ ان کا حق ہے، اور اس سے بڑھ کر اگر دینی مسائل کے سیکھنے سکھانے کا موقع بھی فراہم ہو تو اس کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

Share this: