احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

28: بَابُ: فَضْلِ الصَّدَقَةِ
باب: صدقہ و خیرات کی فضیلت کا بیان۔
سنن ابن ماجه حدیث نمبر: 1842
حدثنا عيسى بن حماد المصري ، انبانا الليث بن سعد ، عن سعيد بن ابي سعيد المقبري ، عن سعيد بن يسار ، انه سمع ابا هريرة ، يقول: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:"ما تصدق احد بصدقة من طيب، ولا يقبل الله إلا الطيب، إلا اخذها الرحمن بيمينه، وإن كانت تمرة فتربو في كف الرحمن تبارك وتعالى حتى تكون اعظم من الجبل، ويربيها له كما يربي احدكم فلوه، او فصيله".
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: جو شخص حلال مال سے صدقہ دے، اور اللہ تعالیٰ تو حلال ہی قبول کرتا ہے، اس کے صدقہ کو دائیں ہاتھ میں لیتا ہے، گرچہ وہ ایک کھجور ہی کیوں نہ ہو، پھر وہ صدقہ رحمن کی ہتھیلی میں بڑھتا رہتا ہے، یہاں تک کہ پہاڑ سے بھی بڑا ہو جاتا ہے، اور اللہ تعالیٰ اس کو ایسے ہی پالتا ہے جس طرح تم میں سے کوئی اپنے گھوڑے یا اونٹ کے بچے کو پالتا ہے ۱؎۔

تخریج دارالدعوہ: صحیح البخاری/الزکاة 8 (4110تعلیقاَ)، التوحید 23 (7430تعلیقاً)، صحیح مسلم/الزکاة 19 (1014)، سنن الترمذی/الزکاة 28 (661)، سنن النسائی/الزکاة 48 (2526)، (تحفة الأشراف: 13379)، وقد أخرجہ: موطا امام مالک/الصدقة 1 (1) مسند احمد (2/268، 331، 381، 418، 419، 231، 471، 538، 541)، سنن الدارمی/الزکاة 35 (1717) (صحیح)

وضاحت: ۱؎: اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کے لئے «یمین» (داہنا ہاتھ) اور «کف» (یعنی مٹھی) ثابت کیا گیا ہے، دوسری حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے دونوں ہاتھ «یمین» (داہنے) ہیں، ایسی حدیثوں سے جہمیہ اور معتزلہ اور اہل کلام کی جان نکلتی ہے، جب کہ اہل حدیث ان کو اپنی آنکھوں پر رکھتے ہیں، اور کہتے ہیں کہ اللہ کا پہنچاننے والا اس کے رسول سے زیادہ کوئی نہ تھا، پس جو صفات اللہ تعالیٰ نے خود اپنے لئے ثابت کیں یا اس کے رسول نے بیان کیں، ہم ان سب کو مانتے ہیں، لیکن ان کو مخلوقات کی صفات سے مشابہ نہیں کرتے کیونکہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور صفات مشابہت سے پاک ہے، «لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْئٌ وَهُوَ السَّمِيعُ البَصِيرُ» (سورة الشورى: 11) یہی نجات کا راستہ ہے، محققین علمائے سلف اور ائمہ اسلام نے اسی کو اختیار کیا ہے، اہل تاویل کہتے ہیں کہ یہ مجازی ہے، مطلب یہ ہے کہ وہ صدقہ قبول ہو جاتا ہے، اور بڑھنے کا معنی یہ ہے کہ اس کا ثواب عظیم ہوتا ہے۔ «واللہ اعلم»

قال الشيخ الألباني: صحيح

Share this: