احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

2: 2- بَابُ صَيْدِ الْمِعْرَاضِ:
باب: بے پر کے تیر یعنی لکڑی گز وغیرہ سے شکار کرنے کا بیان۔
وقال ابن عمر في المقتولة بالبندقة، تلك الموقوذة، وكرهه سالم، والقاسم، ومجاهد، وإبراهيم، وعطاء، والحسن، وكره الحسن رمي البندقة في القرى والامصار ولا يرى باسا فيما سواه.
‏‏‏‏ اور ابن عمر رضی اللہ عنہما نے غلے سے مر جانے والے شکار کے متعلق کہا کہ وہ بھی «موقوذة‏» (بوجھ کے دباؤ سے مرا ہوا ہے جو حرام ہے) اور سالم، قاسم، مجاہد، ابراہیم، عطاء اور امام حسن بصری رحمہم اللہ اجمعین نے اس کو مکروہ رکھا ہے۔ امام حسن بصری رحمہ اللہ گاؤں اور شہروں میں غلے چلانے کو مکروہ سمجھتے تھے اور ان کے سوا دوسری جگہوں (میدان، جنگل وغیرہ) میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتے تھے۔
صحيح بخاري حدیث نمبر: 5476
حدثنا سليمان بن حرب، حدثنا شعبة، عن عبد الله بن ابي السفر، عن الشعبي، قال: سمعت عدي بن حاتم رضي الله عنه، قال:"سالت رسول الله صلى الله عليه وسلم عن المعراض ؟ فقال: إذا اصبت بحده فكل فإذا اصاب بعرضه فقتل فإنه وقيذ، فلا تاكل، فقلت: ارسل كلبي، قال: إذا ارسلت كلبك وسميت فكل، قلت: فإن اكل ؟ قال: فلا تاكل، فإنه لم يمسك عليك إنما امسك على نفسه، قلت: ارسل كلبي فاجد معه كلبا آخر، قال: لا تاكل، فإنك إنما سميت على كلبك ولم تسم على آخر".
ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، ان سے عبداللہ بن ابی السفر نے، ان سے شعبی نے کہا کہ میں نے عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پر کے تیر یا لکڑی گز سے شکار کے بارے میں پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم اس کی نوک سے شکار کو مار لو تو اسے کھاؤ لیکن اگر اس کی عرض کی طرف سے شکار کو لگے اور اس سے وہ مر جائے تو وہ «موقوذة‏» (مردار) ہے اسے نہ کھاؤ۔ میں نے سوال کیا کہ میں اپنا کتا بھی (شکار کے لیے) دوڑاتا ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم اپنے کتے پر بسم اللہ پڑھ کر شکار کے پیچھے دوڑاؤ تو وہ شکار کھا سکتے ہو۔ میں نے پوچھا اور اگر وہ کتا شکار میں سے کھا لے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر نہ کھاؤ کیونکہ وہ شکار اس نے تمہارے لیے نہیں پکڑا تھا، صرف اپنے لیے پکڑا تھا۔ میں نے پوچھا میں بعض وقت اپنا کتا چھوڑتا ہوں اور بعد میں اس کے ساتھ دوسرا کتا بھی پاتا ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر (اس کا شکار) نہ کھاؤ کیونکہ تم نے بسم اللہ صرف اپنے کتے پر پڑھی ہے، دوسرے پر نہیں پڑھی ہے۔

Share this: