احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

42: 42- بَابُ بِطَانَةِ الْإِمَامِ وَأَهْلِ مَشُورَتِهِ الْبِطَانَةُ الدُّخَلَاءُ:
باب: امام کا خاص مشیر جسے «بطانة» بھی کہتے ہیں یعنی راز دار دوست۔
صحيح بخاري حدیث نمبر: 7198
حدثنا اصبغ، اخبرنا ابن وهب، اخبرني يونس، عن ابن شهاب، عن ابي سلمة، عن ابي سعيد الخدري، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال:"ما بعث الله من نبي، ولا استخلف من خليفة إلا كانت له بطانتان: بطانة تامره بالمعروف وتحضه عليه، وبطانة تامره بالشر وتحضه عليه، فالمعصوم من عصم الله تعالى"، وقال سليمان، عن يحيى، اخبرني ابن شهاب بهذا، وعن ابن ابي عتيق، وموسى، عن ابن شهاب، مثله، وقال شعيب، عن الزهري: حدثني ابو سلمة، عن ابي سعيد، قوله، وقال الاوزاعي، ومعاوية بن سلام: حدثني الزهري، حدثني ابو سلمة، عن ابي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم، وقال ابن ابي حسين، وسعيد بن زياد، عن ابي سلمة، عن ابي سعيد، قوله، وقال عبيد الله بن ابي جعفر، حدثني صفوان، عن ابي سلمة، عن ابي ايوب، قال: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم.
ہم سے اصبغ نے بیان کیا، کہا ہم کو ابن وہب نے خبر دی، انہیں یونس نے خبر دی، انہیں ابن شہاب نے، انہیں ابوسلمہ نے اور انہیں ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ نے جب بھی کوئی نبی بھیجا یا کسی کو خلیفہ بنایا تو اس کے ساتھ دو رفیق تھے ایک تو انہیں نیکی کے لیے کہتا اور اس پر ابھارتا اور دوسرا انہیں برائی کے لیے کہتا اور اس پر ابھارتا۔ پس معصوم وہ ہے جسے اللہ بچائے رکھے۔ اور سلیمان بن بلال نے اس حدیث کو یحییٰ بن سعید انصاری سے روایت کیا، کہا مجھ کو ابن شہاب نے خبر دی (اس کو اسماعیلی نے وصل کیا) اور ابن ابی عتیق اور موسیٰ بن عقبہ سے بھی، ان دونوں نے ابن شہاب سے یہی حدیث (اس کو بیہقی نے وصل کیا) اور شعیب بن ابی حمزہ نے زہری سے یوں روایت کی، مجھ سے ابوسلمہ نے بیان کیا، انہوں نے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے ان کا قول (یعنی حدیث کوث موقوفاً نقل کیا) اور امام اوزاعی اور معاویہ بن سلام نے کہا، مجھ سے زہری نے بیان کیا، کہا مجھ سے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اور عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن ابی حسین اور سعید بن زیاد نے اس کو ابوسلمہ سے روایت کیا ‘، انہوں نے ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے موقوفاً (یعنی ابوسعید کا قول) اور عبداللہ بن ابی جعفر نے کہا، مجھ سے صفوان بن سلیم نے بیان کیا، انہوں نے ابوسلمہ سے، انہوں نے ابوایوب سے، کہا میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔

Share this: