احادیث کے تمام کتب میں حدیث تلاش کیجئیے

20: 20- بَابُ لاَ يَتَزَوَّجُ أَكْثَرَ مِنْ أَرْبَعٍ:
باب: چار بیویوں سے زیادہ (بیک وقت) آدمی نہیں رکھ سکتا۔
لقوله تعالى: مثنى وثلاث ورباع سورة النساء آية 3، وقال علي بن الحسين عليهما السلام: يعني مثنى او ثلاث او رباع، وقوله جل ذكره: اولي اجنحة مثنى وثلاث ورباع سورة فاطر آية 1 يعني مثنى او ثلاث او رباع.
‏‏‏‏ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے «مثنى وثلاث ورباع» واؤ «أو» کے معنی میں ہے۔ (یعنی دو بیویاں رکھو یا تین یا چار) زین العابدین بن حسین علیہ السلام فرماتے ہیں یعنی دو یا تین یا چار جیسے سورۃ فاطر میں اس کی نظیر موجود ہے «أولي أجنحة مثنى وثلاث ورباع» یعنی دو پنکھ والے فرشتے یا تین والے یا چار پنکھ والے۔
صحيح بخاري حدیث نمبر: 5098
حدثنا محمد، اخبرنا عبدة، عن هشام، عن ابيه، عن عائشة،"وإن خفتم الا تقسطوا في اليتامى سورة النساء آية 3، قالت:اليتيمة تكون عند الرجل وهو وليها فيتزوجها على مالها، ويسيء صحبتها، ولا يعدل في مالها، فليتزوج ما طاب له من النساء سواها مثنى وثلاث ورباع".
ہم سے محمد بن سلام بیکندی نے بیان کیا، کہا ہم کو عبدہ نے خبر دی، انہیں ہشام نے، انہیں ان کے والد نے اور انہیں عائشہ رضی اللہ عنہا نے اللہ تعالیٰ کے ارشاد «وإن خفتم أن لا،‏‏‏‏ تقسطوا في اليتامى‏» اور اگر تمہیں خوف ہو کہ تم یتیموں کے بارے میں انصاف نہیں کر سکو گے۔ کے بارے میں فرمایا کہ اس سے مراد یتیم لڑکی ہے جو اپنے ولی کی پرورش میں ہو۔ ولی اس سے اس کے مال کی وجہ سے شادی کرتے اور اچھی طرح اس سے سلوک نہ کرتے اور نہ اس کے مال کے بارے میں انصاف کرتے ایسے شخصوں کو یہ حکم ہوا کہ اس یتیم لڑکی سے نکاح نہ کریں بلکہ اس کے سوا جو عورتیں بھلی لگیں ان سے نکاح کر لیں۔ دو دو، تین تین یا چار چار تک کی اجازت ہے۔

Share this: